ایٹیگا،3جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پچ انتہائی سست تھی اور شاٹ حاصل کرنا آسان نہیں تھا لیکن ہندوستانی بلے بازی کوچ سنجے بانگڑ نے کہا کہ اس سے اس حقیقت سے نہیں بچا جا سکتا ہے کہ بلے بازوں کی وجہ سے ٹیم کو ویسٹ انڈیز کیخلاف چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل میچ گنوانا پڑا۔ہندوستان کے سامنے 190رنز کا ہدف تھا لیکن ایٹیگا مشکل پچ پر پوری ٹیم 178رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح سے اسے 11رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ہندوستان اگرچہ پانچ میچوں کی سیریز میں اب بھی 2-1سے آگے ہے۔
بانگڑ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ پچ مسلسل سست ہوتی گئی اور شاٹ حاصل کرنا بہت آسان نہیں تھا،ہم نے اب تک یہاں جو وکٹ دیکھے ہیں ان کی نوعیت ایسی رہی ہے لیکن ہم واقعی اپنی صلاحیت کے مطابق بلے بازی نہیں کر پائے،یہ ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا،میرا خیال ہے کہ بلے بازی کی وجہ سے ہم یہ میچ ہارے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ میں بھی ہمارا اس طرح کے حالات سے سابقہ پڑا تھا جب ہم نے پہلے دس اوورز میں دو وکٹ گنوا دیئے تھے لیکن تب بھی ہم اس طرح کے وکٹ پر 260رن بنانے میں کامیاب رہے تھے،ہم ایسے وکٹوں پر کھیل رہے ہیں جن پر کھیلنا آسان نہیں ہے۔بانگڑ نے کہا کہ کریڈٹ انہیں(ویسٹ انڈیز)جاتا ہے۔انہوں نے اپنی حکمت عملی پر اچھی طرح سے عمل کیا۔یہ ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا، اجنکیا رہانے نے 91گیندوں پر 60اور مہندر سنگھ دھونی نے 114گیندوں پر 54رن بنائے۔بانگڑ نے اگرچہ دیگر کھلاڑیوں کی طرح دھونی کا بھی دفاع کیا جن کی سست بلے بازی کے لیے تنقید ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکمت عملی تھی کوئی آخر تک ایک سرا سنبھالے رکھا،اجنکیا نے آؤٹ ہونے سے پہلے یہ کردار نبھایا،جب ہم اچھی حالت میں تھے تبھی ہم نے دو وکٹ گنوا دیئے،درمیانی اوورز میں یہ وکٹ گنوانے سے ہم واقعی بیک فٹ پر چلے گئے،اس کے بعد رن ریٹ مسلسل بڑھتا رہا۔